234

”ماہِ حُرمَت اور اُس کے اہم واقعات“

اشہرُ الحرام یعنی حرمت و عزت والے مہینے چار ہیں(ذوالقعدہ،ذوالحجہ،محرم الحرام،رجب المرجب)۔
اسلامی سال کا پہلا مہینہ محرمُ الحرام ہے، اس مہینے کو محرم اس لیے کہا جاتا ہے کہ اس ماہ میں جنگ و قتال حرام ہے، یہ اللہ تعالی کا مہینہ ہے۔
اس ماہ کی حرمت و عزت سے کیا مراد ہے؟
اس کی حرمت و عزت یہ ہے کہ عبادت کی زیادتی کی جاۓ کیونکہ اس میں عبادت کا ثواب جس طرح بہت ملتا ہے اسی طرح گناہ کا معاملہ بھی سخت ہے، اسی لیے ماہِ حرمت میں جہاں عبادت کی کثرت کی جاۓ وہیں ہر طرح کے گناہوں سے بچنے کی بھی بھرپور کوشش کی جاۓ۔
زمانہ جاہلیت میں بھی لوگ ان مہینوں کی حرمت کے قاٸل تھے اور ان مہینوں میں قتال کو حرام جانتے تھے۔اہلِ عرب ان مہینوں میں اپنی تلواریں نیام میں ڈال دیتے اور لوٹ مار سے رُک جاتے تھے، لوگ اپنے دشمنوں سے بے خوف ہوجاتے یہاں تک کہ اگر کوٸی آدمی اپنے باپ یا بھاٸی کے قاتل سے ملتا تو اسے کچھ نہ کہتا تھا۔
اسلام میں ان مہینوں کی حرمت اور عظمت اور بھی زیادہ ہے۔ محرمُ الحرام مسلمانوں کے لیے آج اس لیے بھی زیادہ اہمیت رکھتا ہے کہ واقعہ کربلا اسی ماہ کی 10 تاریخ کو رونما ہوا تھا۔
آٸیے!
محرمُ الحرام کے کچھ اہم واقعات پر نظر ڈالتے ہیں!
*اس ماہ میں سیدنا ابو قُحَافَہ عثمان بن عامر قرشی رضی اللہ تعالی عنہ کا وصال ہوا ، جو والدِ محترم ہیں امیر المٶمنین حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے۔
*رسولِ کریم صلى الله عليه واله وسلم کی کنیز حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ تعالی عنھا کا وصال اسی ماہ میں ہوا۔
*محرم کی پہلی تاریخ کو امیر المٶمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی تدفین ہوٸی۔
*محرم کی دس تاریخ کو نواسٸہ رسول حضرت امامِ حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور آپ کے رفقا کو شہید کیا گیا۔
*اسی ماہ کی دو تاریخ کو حضرت سیدنا معروف کرخی رحمة اللہ تعالی علیہ کا وصال ہوا۔
*یکم محرم کو سلسلہ سہروردیہ کے بانی حضرت سیدنا شیخ شہابُ الدین صدیقی سہروردی رحمة اللہ تعالی علیہ کا وصال ہوا۔
*5محرم کو سلسلہ چشتیہ کے عظیم پیشوا حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمة اللہ تعالی علیہ کا وصال ہوا۔
دُعا:
اَلّٰھُمَّ اَنتَ الاَبَدِیُّ القَدِیمُ وَ ھٰذہِ سَنَةُٗ جَدِیدَةُٗ اَسٸَلُکَ فِیھَا العِصمَةَ مِنَ الشَّیطٰنِ وَ اَولِیَاٸِہِ وَالعَونَ عَلٰی ھٰذِہِ النَّفسِ الاَمَّارَةِ بِِالسُّٶءِ وَالاِشتِغَالَ بِمَا یُقَرِّبُنِی اِلَیکَ یَا کَرِیمُ۔
نزہہتہ المجالس میں آتا ہے کہ یکم محرم کو جو یہ دعا👆 پڑھے تو شیطان سے محفوظ رہے اور دو فرشتے سال بھر اس کی حفاظت پر مقرر ہوں۔
اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ وہ یہ نیا سال تمام امتِ محمدیہ صلى الله عليه واله وسلم کے لیے باعثِ خیرو برکت بناۓ اور تمام مسلمانوں کو اس ماہِ حرمت کا ادب و احترام کرنے کی توفیق عطا فرماۓ۔ آمین
تحریر: عقیلہ رضا

9news
Follow
Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں