**امریکی ناکہ بندی کے باوجود پاکستانی آئل ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کر لیا**
امریکی ناکہ بندی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی جھنڈے والا ایک آئل ٹینکر کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یہ پہلا جہاز ہے جو امریکی پابندیوں اور ناکہ بندی کے بعد خام مال کے ساتھ آبنائے ہرمز سے باہر نکلا ہے۔ اس پیش رفت کو عالمی سطح پر نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پاکستانی آئل ٹینکر نہ صرف بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب رہا بلکہ اس نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر خلیج فارس میں بھی داخلہ لیا تھا، جس کے بعد اس کی نقل و حرکت پر عالمی حلقوں کی گہری نظر تھی۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا کشیدگی عالمی منڈیوں پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔ ایسے میں پاکستانی جھنڈے والے ٹینکر کا اس راستے سے گزرنا ایک غیر معمولی اور اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، اس واقعے کے بعد خطے میں جاری جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات پر بھی نئی بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ عالمی منڈیوں کی نظریں آئندہ پیش رفت پر مرکوز ہیں۔








