وی آئی پی کاونٹر ختم کر دیا،امراء اور سفارشیوں کے لئے اب کوئی علیحدہ کائونٹر نہیں ہے، آئی جی اسلام آباد احسن یونس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئی جی اسلام آباد احسن یونس نے ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا
اس موقع پر انہوں نے کہا وی آئی پی کاونٹر ختم کر دیا گیا ہے اب تما م لوگ ایک ہی پراسس کے تحت لائسنس حاصل کر سکیں گے۔ امراءاور سفارشیوں کے لئے اب کوئی علیحدہ کاونٹر نہیں ہے،
ہمارے لیے ہر شہری ہی وی آئی پی ہے۔ خواتین اور بزرگ شہریوں کو سسٹم کے تحت ترجیح دی جائے گی ۔ انہون نے ایس ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں وی آئی پی کلچر ختم اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔
لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہری لرننگ پیریڈ پورا کریں۔ انہوں نے کہا شہری 42 دن کا دورانیہ پورا کرنے کے بعد ہی ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے کہا ون ونڈو ہال کیو مینجمنٹ سسٹم کے تحت شہری اپنی باری کا انتظار کریں گے۔ ایسا شفاف سسٹم بنایا جائے کہ کوئی لائسنس بغیر ٹیسٹ کے جاری نہ ہو سکے۔ بلیک پیپرز، غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔