**اضاخیل میں اندوہناک واقعہ: بیٹے نے فائرنگ کر کے والدہ کو قتل کر دیا**
خیبر پختونخوا کے علاقے اضاخیل (پیرپیائی، محلہ عثمان آباد) میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو تنازعہ پر بیٹے نے فائرنگ کر کے اپنی ہی والدہ کو قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت زوجہ محمد عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد ملزم، جس کی شناخت مسافر ولد محمد عباس کے طور پر کی گئی ہے، موقع سے فرار ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا، جو شدت اختیار کر گیا اور ملزم نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ اہل علاقہ نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔








