موٹروے ایم ون شدید دھند کی لپیٹ میں: پشاور سے صوابی تک ٹریفک بند، شہریوں کو احتیاطی ہدایات جاری
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) موٹروے ایم ون شدید دھند کی لپیٹ میں آگئی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہوچکی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے خراب موسم کے پیشِ نظر پشاور ٹول پلازہ سے صوابی تک موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث بروقت گاڑیوں کو نہ دیکھ پانا ٹریفک حادثات کے امکانات کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے،
اسی لیے شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کی عارضی بندش ناگزیر تھی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا کہ شدید دھند میں ڈرائیونگ نہایت خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، خاص طور پر جب حدِ نگاہ انتہائی کم ہو۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند چھٹتے ہی ٹریفک کو مرحلہ وار بحال کردیا جائے گا۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ سفر ضروری ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال، کم رفتار اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا نہایت اہم ہے۔ مزید براں، ٹریفک کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
گزشتہ رات کا افسوسناک حادثہ
خیال رہے کہ گزشتہ رات بھی موٹروے ایم ون پر ہنڈ کے مقام پر ایک تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ سات شدید زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں دو خواتین اور دو مرد شامل تھے، جبکہ زخمیوں میں تین مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کار میں پھنسے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تمام زخمیوں کو باچا خان اسپتال منتقل کردیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ڈرائیور کی نیند آ جانا تھی، جس کی وجہ سے گاڑی قابو سے باہر ہوگئی۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری اور تھکن کی حالت میں ڈرائیونگ سے گریز کریں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکے۔
- پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ، اپریل میں شرح تقریباً 11 فیصد تک پہنچ گئی، شہری مزید معاشی دباؤ کا شکار -مئ2, 2026
- پان، سگریٹ اور نسوار کی فروخت و استعمال پر پابندی عائد، صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بڑا فیصلہ -مئ2, 2026
- اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی کارروائی، جعلی اسناد پر بھرتیاں، 7 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج، ایک گرفتار -مئ2, 2026








