افغانستان میں امن پاکستان کی سلامتی کا ضامن ہے – میجر(ر) عادل راجہ
افغان قوم مسئلہ کاپرامن حل تلاش کرلے گی – بریگیڈیئر (ر) عبدالرحمن بلال

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ہیڈ آفس میں بریگیڈیئر (ر) عبدالرحمن بلال ( ستارہ جرأت ) سیکریٹری انٹرنیشنل ریلیشنز نے ڈائیریکٹر میڈیا اور سپوکس پرسن پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی میجر (ر) عادل فاروق راجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان کے سیاسی حالات اور مستقبل کے بارے میں گفت و شنید کی گئی۔

شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اسلامی اخوت کے ناطے افغان قوم مسئلہ کا ایک پر امن حل تلاش کر لے گی۔ اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) عبد الرحمن بلال نے افغان قوم کے ساتھ تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی رشتوں کی مضبوطی پر زور دیا اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک درخشاں مستقبل اس تمام علاقہ کے لیئے منتظر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دیرینہ خواب کی تعبیر کے لیئے ضروری ہے کہ افغانستان میں امن ہو اور ایک اسلامی فلاحی ریاست جو کہ تہذیب حاضر کے تقاضوں کو شرمندہ تعبیر کر سکتی ہو ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ PESS کے 35 لاکھ ممبران اللہ باری تعالیٰ کے سامنے دست بگو ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اس خطہ میں جلد از جلد امن و خوشحالی کا بول بالا ہو۔
اس موقع پر سپوکس پرسن اور ڈائریکٹر میڈیا میجر عادل فاروق راجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی سلامتی کا ضامن ہے۔ پاکستانی اداروں کی یہ خواہش ہے کہ کابلیں اقتدار کی منتقلی بغیر خون خرابہ کے ہو اور موجودہ بین الاقوامی تجارتی معاہدے جن کا حصہ پاکستان ہے ان پر آنچ نہ آئے۔