زیادتی کی شکار عورت کو دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوگئے، موقع پر پہنچنے والے ڈولفن اہلکار کا بیان
ویب ڈیسک (9نیوز) اسلام آباد
زیادتی کی شکار عورت کو دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوگئے، موقع پر پہنچنے والے ڈولفن اہلکار کا بیان
زیادتی کا شکار ہونے والی عورت کے پاس سب سے پہلے پہنچنے والے ڈولفن فورس کے اہلکار کا کہنا ہے کہ جب ہم موقع واردات پر پہنچے تو گاڑی کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے اور آس پاس کوئی نہیں تھا۔
ڈولفِن فورس کے اہلکار علی عباس نے نجی میڈیا چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں رات 2 بج کر 49 منٹ پر 15 پر واقعہ کی اطلاع ملی تھی، گاڑی کے پاس پہنچنے پراندھیرے کی وجہ سے کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا، ہم نے ٹارچ جلائی تو بچے کا ایک جوتا گاڑی کے اندر اور ایک سڑک سے نیچے جھاڑیوں میں ملا۔
علی عباس کے مطابق ہم نے آواز لگائی کوئی ہے، 6 ہوائی فائر کیے تو ایک جانب سے عورت کی لرزتی ہوئی آواز سنائی دی، انہوں نے بھائی کہہ کر ہمیں پکارا۔
علی عباس کے مطابق جب ہم ان کے پاس پہنچے تو انہیں دیکھ کر میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے، انہوں نے اپنے بچوں کو اپنے حصار میں لے رکھا تھا، وہ بہت پریشان نظر آرہی تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے تھانہ گجر پورہ کی حدود میں عورت کی گاڑی بند ہوگئی جس کے بعد 2 نامعلوم افراد نے عورت کو ڈکیتی کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔