450

کراچی کی عوام کے لئے خوشخبری، 800 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری، وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لئے بڑا پیکج پلان تیار کرلیا

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر میں کونسے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے؟

ویب ڈیسک (9نیوز) اسلام آباد

کراچی کی بحالی کے لیے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں 802 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ماس ٹرانزٹ سسٹم کی بحالی کے لیے پلان کے تحت 6 منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا، جس کی تکمیل کے لیے 723 ارب 25 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔

کراچی ٹرانفارمیشن پلان میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کی بہتری کےلیے 447 ارب 43 کروڑ روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا جائےگا، جس میں 300 ارب روپے مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے پلان بھی شامل ہے، ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے رواں سال کے بجٹ میں صرف 32ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ اب تک 47 ارب 18 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

کراچی سرکلر ریلوے کے لیے مختص کردہ 300 ارب روپے میں سے 250 ارب روپے چینی حکومت اور 50 ارب روپے سندھ حکومت فراہم کرے گی، جبکہ کراچی کے سیوریج کے نظام کی بحالی کے 8 منصوبوں کا تخمینہ 162 ارب 60 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق پلان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے 4 منصوبوں کا تخمینہ 14 ارب 86 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ واٹر ڈرینز کے 2 منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 4 ارب 70 کروڑ لگایا ہے، کراچی کی سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

9news
Follow
Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں