517

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر

ڈیرہ غازیخان: وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی محترمہ زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازیخان میں سب سے بڑے کاروباری ادارے ڈی جی سیمنٹ فیکٹری سے دس سال کا آمدن اور خرچ کاریکارڈ طلب کر لیاگیاہے.قانون کے مطابق متعلقہ ادارےسے آڈٹ کرایا جائے گا. رجسٹریشن اور متعلقہ قانون کے تحت کوئی بھی ادارہ دو فیصد آمدن متعلقہ علاقہ کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کا پابند ہوتا ہے تاہم ڈی جی سیمنٹ فیکٹری نے علاقہ کی فلاح وبہبود کیلئے مناسب اقدامات نہیں کیے.انہوں نے یہ بات کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان میں سیمنٹ کمپنی کی انتظامیہ اور افسران کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی. کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز، کمانڈنٹ بی ایم پی حمزہ سالک اور دیگر موجود تھے. وزیر مملکت نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے صنعتی اداروں کے فاضل مواد، ٹریٹمنٹ پلانٹ اور دیگر معاملات پر بھی نظر رکھی جائے گی. انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے فزیبلٹی سٹڈی طلب کر لی گئی ہے اور کمشنر ڈیرہ غازیخان سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری ادارے کی نشاندہی سمیت دیگر اقدامات کریں. وزیر مملکت زرتاج گل وزیر نے ماحولیات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پرانی ٹیکنالوجی کے حامل اینٹوں کے بھٹوں کی وجہ سے ڈیرہ غازیخان ریڈ زون میں آگیا تھا حکومت کی ہدایت کے مطابق اینٹوں کے بھٹوں کو نئی ٹیکنالوجی زگ زیگ پر منتقلی کیلئے مہلت دی گئی تھی ڈویژن میں پچاس فیصد کے قریب بھٹوں کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل کر لیاگیاہے تاہم سو فیصد اہداف کے حصول کیلئے بھٹہ مالکان کو حکومتی ہدایات پر عمل کرنا ہو گا. پرانی ٹیکنالوجی کے حامل بھٹہ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی. انہوں نے کہاکہ پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹوں سے نکلنے والے دھواں سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ سموگ کا باعث بنتے ہیں انسانی صحت سب سے زیادہ اہم ہے. صاف ستھرے ماحول کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا.

9news
Follow
Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں