350

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان یوم عاشور محرم الحرام ۱۴۴۲ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

جناب عمران خان
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان
یوم عاشور محرم الحرام ۱۴۴۲ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
میرے عزیز ہم وطنو!
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی دس تاریخ ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان جگرگوشہ بتولؓ، نواسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و علی آ لہ و اصحبہ و سلم امامِ عالی مقام حضرتِ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادتِ عظمیٰ کی بے مثال و لازوال قربانی کی یاد کو تازہ کر رہے ہیں۔اگرچہ یومِ عاشور مختلف اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ تاہم تاریخ اسلام میں اس دن کو ایک الگ رفعت و بلندی اور خاص اہمیت و انفرادیت امام عالی مقام کی شہادت اورواقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔کربلا کا یہ عظیم معرکہ حق و باطل یہ بات باور کراتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیاء کیلئے کسی بھی قربانی کو راہ خدا میں نچھاور کردینا ہی عزیمت اور کامیابی ہے۔ جذبہ شبیری ؓمسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔ یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے جس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے۔
میرے نزدیک اسوہ حسین ؓکا یہ پیغام ہر قلِب سلیم کیلئے ہے کہ وہ راہ حق میں آنے والی ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے اپنی جان جانِ آفرین کہ سپرد کردے۔اسی جذبہ سے سرشاری کے بعد ہم وطن عزیز اور اقوام عالم میں کوئی قابل ذکر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اس موقع پرہمیں جموں و کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسینؓ کو زندہ رکھا اور کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنادیا۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے کرونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس میں ارض پاک بھی شامل تھی لیکن اللہ پاک کی مدد، حکومت کے بروقت اقدامات اور قوم کے بھر پور تعاون سے کرونا وباکے پھیلاوپرکافی حد تک قابو پا لیا گیا جس پر پوری پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہئے۔
آج کے دن میں قوم سے اپیل کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ آپ محرم الحرام کی تقاریب میں بھی حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر ضرور عمل پیرا ہوں گے۔ اور کرونا سے محفوظ ماحول میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ، فرقہ وارئیت اور تعصب کو بالائے طاق رکھتے ہوے منائیں گے اور امن و امان کوبھی یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضرور دعائیں فرمائیں۔ خدائے بزرگ و برتر آپ کی دعاوں کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین یا رب العالمین)
پاکستان پائندہ باد

Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں