445

ورفعنا لک ذکرک

وَرَفَعنَالَکَذِکرَکَ

تحریر: عقیلہ رضا نامہ نگار (9نیوز) اسلام آباد

سورہ الم نشرح کی یہ آیتِ مبارکہ جس کا ترجمہ یہ ہے کہ
“اور ہم نے تمھاری خاطر تمھارا ذکر بلند کر دیا”
حضرتِ قتادہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالی نے آپﷺ کا ذکر دنیا اور آخرت میں بلند کیا،ہر خطیب اور ہر تشہد پڑھنے والا “اَشھَدُ اَن لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ” کے ساتھ “اَشھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُولُ اللّٰہِ” پکارتا ہے۔
اللہﷻ نے رسول اللہﷺ پر ایمان لانا اور آپﷺ کی اطاعت کرنا مخلوق پر لازم کردیا ہے حتی کہ کسی شخص کا اللہﷻ کی واحدانیت کا اقرار کرنا،اس پر ایمان لانا اور اس کی عبادت کرنا اس وقت تک مقبول نہیں جب تک وہ محمد مصطفی ﷺ پر ایمان نہ لے آۓ،یونہی آپﷺ کے راستے سے ہٹ کر چلنے والے کی اطاعت بھی اللہﷻ کی بارگاہ میں مقبول نہیں،(سورہ النساء پارہ 5 )میں اللہﷻ فرماتا ہے
مَن یُّطِعِ الرَّسُولَ فَقَد اَطَاعَ اللّٰہَ
ترجمہ: جس نے رسول کا حکم مانا بے شک اس نے اللہﷻ کا حکم مانا۔
رفعتِ ذکرِ مصطفی ﷺ یہ بھی ہے کہ ذکر خدا کے ساتھ ذکر مصطفیﷺ کیا جاتا ہے، جیسے اذان میں،اقامت میں،تشہد میں،خطبے میں اور بے شمار مقامات پر اپنے ذکر کے ساتھ آپﷺ کا ذکر شامل کر دیا ہے۔
رسول اللہﷺ کا ذکر مبارک زمین و آسمان پر کیا جاتا ہے،آپﷺ کا ذکرِ خیر انسان، جنات اور دیگر مخلوقات بھی کرتیں ہیں، دنیا کا کوئی خطہ ایسا نہیں جہاں ہر وقت آپﷺ کا نامِ مبارک نا لیا جاتا ہو،آپﷺ کی شان تو یہ ہے کہ ہر آن،ہر لمحہ دنیا میں آپﷺ پر درود وسلام کا نذرانہ پڑھا جا رہا ہے،
آپﷺ کا نامِ مبارک عرش و کرسی پر لکھا ہوا ہے،سدرة المنتہی اور جنتی درختوں کے پتوں پر نقش ہے،جنت کے محلات پر کندہ ہے۔
تمام انبیاء و رسول علیھم اسلام آپﷺ کا ذکر کرتے ہیں،ہر آسمانی کتاب میں آپﷺ کا ذکر مبارک موجود ہے۔
ذکرِ مصطفی ﷺ کی کثرت ہی محبتِ مصطفی ﷺ کی دلیل ہے۔
کوشش کی جاۓ کہ آپﷺ کی سیرتِ مبارکہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو سنوارا جاۓ اور آپﷺ کے ذکرِ مبارکہ سے اپنی بے رنگ زندگیوں کو آراستہ کیا جاۓ کیوں کہ اسی میں کامیابی اور نجات ہے۔

9Newstv

Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں