موٹروے کیس:متاثرہ خاتون کا اے ٹی ایم استعمال کرنیکی کوشش کرنیوالے 2 افرادگرفتار
سانحہ موٹروے: متاثرہ خاتون کا اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے والے 2 افراد گرفتار
لاہور میں گزشتہ روز موٹر وے پر زیادتی کا شکار ہونے والی عورت کے اے ٹی ایم کارڈ کو استعمال کرنے والے 2 افراد مشتبہ ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے گجرانوالہ براستہ موٹروے جانے والی عورت کے ساتھ گزشتہ روز پیش آنے والے اندوہناک واقعے میں 2 نامعلوم افراد نے عورت کو ڈکیتی کے بعد اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد واقعے پر حکومت حرکت میں آگئی ہے۔
پولیس نے دوران تفتیش 12 افراد کو زیر حراست لے کر پوچھ گوچھ کا آغاز کردیا تھا، اور سب کے ڈٰی این اے سیپملز لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں۔
پولیس نے مطابق آج متاثرہ عورت کے اے ٹٰی ایم کارڈ کو استعمال کرنے کی کوشش کرنے والے دو مشتبہ افراد کو پولیس نے حراست میں لیا ہے ان دونوں افراد کے ڈٰی این اے سیمپلز بھی ٹیسٹ کیلئے بھجوادیئے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انتظار ہے کہ ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز متاثرہ خاتون سے میچ ہوتے ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے لاہور میں تھانہ گجر پورہ کی حدود میں موٹر وے پر عورت کی گاڑی رک گئی، عورت کے ساتھ اس کے تین بچے بھی تھے، تھوڑی دیر میں 2 نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے انہوں نے گاڑی کا شیشہ توڑا اور عورت اور بچوں کو سڑک کے نیچے جھاڑیوں میں گھسیٹ لیا۔
دونوں نامعلوم افراد نے عورت سے نقدی زیور اور دیگر قیمتی چیزیں لوٹ کر اسے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے، جس کے بعد عورت نے 15 پر مدد کیلئے فون کیا۔
وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے بھی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اعلی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔