446

مری: نجی ہوٹل کے ملازمین کا سیاح فیملی پر تشدد،ویڈیو وائرل

مری: نجی ہوٹل کے ملازمین کا سیاح فیملی پر تشدد،ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک (9نیوز) اسلام آباد

مری: نجی ہوٹل کے ملازمین کا سیاح فیملی پر تشدد،ویڈیو وائرل

ملکہ کوہسار مری میں نجی ہوٹل کے ملازمین کی بدمعاشیوں کا سلسلہ جاری ہے، مقامی ریسٹورینٹ گلوریا جینز کے بدقماشوں نے پہلے مرد پر تشدد کیا جس سے بچانے کے لیے خواتین آگے بڑھیں تو ملازمین نے ان پر بھی تشدد کرنا شروع کر دیا اور مرد و خواتین سیاحوں کو زخمی کردیا۔ ریسکیو حکام نے سیاحوں کی جان بچائی۔

متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ وہ نماز کے لیے مقامی ریسٹورنٹ میں رکے تھے اور آرڈر نہیں دیا جس پر ریسٹورنٹ کے ملازمین نے بدتمیزی کرنا شروع کردی اور تلخ کلامی کے دوران ریسٹورنٹ کے ملازمین نے ہم پر تشدد کرنا شروع کر دیا۔

خبر رساں ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والی فیملی کا تعلق فیصل آباد سے ہے، نجی ریسٹورنٹ کے ملازمین کے تشدد سے زخمی ہونے والے علی توقیر اپنی فیملی کے ساتھ مری میں سیر و تفریح کے لیے آیا تھا، جسے زخمی حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس کا واقعے کا علم ہونے پر اذپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ” ‏مری نجی ہوٹل پر سیاحوں اور ہوٹل انتظامیہ کے مابین تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑے کے معاملے پر ہوٹل مینیجر سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، واقعہ گلوریا جینز نامی انٹرنیشنل کافی چین کے ہوٹل ایکسپریس وے پر پیش آیا، سیاح علی توقیر کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا ہے”۔

راولپنڈی پولیس کا ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ “‏ملزمان کی گرفتاری کے لیےچھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی، کسی کو بھی تشدد، ہراساں کرنے یا دھمکانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، میرٹ اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جاۓ گا، ایس پی صدر”۔


بعد میں ہمارے ذرائع کی معلومات کے مطابق مری پولیس نے تین ہوٹل ملازمین کو گرفتار کرلیا تھا جو تشدد میں ملوث تھے۔

خیال رہے کہ مری میں پہلے بھی نجی ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے مالکان اور ملازمین کی جانب سے سیاحوں پر تشدد کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں، جس پر تشدد کا نشانہ بننے والے سیاحوں نے مقامی پولیس کو متعدد بار شکایات بھی درج کروائیں، سیاحوں کی جانب سے شکایات درج کروانے کے باوجود مقامی پولیس اور مری انتظامیہ کی جانب سے نجی ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

9news
Follow
Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں