لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سیالکوٹ موٹر وے پر دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ویب ڈیسک (9نیوز) اسلام آباد
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔
سیشن کورٹ کے جج نے ملزم کو انسداد دہشتگری عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس پر گجر پورہ پولیس نے ملزم شفقت کو سخت سیکیورٹی میں چہرے پر کپڑا ڈال کر عدالت کے سامنے پیش کیا۔
خیال رہے کہ 9 ستمبر کی رات ایک خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی کا فیول ختم ہونے پر موٹروے پر مدد کی منتظر تھیں کہ 2 مسلح افراد وہاں آئے اور مبینہ طور پر خاتون اور ان کے بچوں پر تشدد کیا اور قریبی کھیتوں میں لے جا کر خاتون کا ریپ کردیا۔مزکورہ واقعے پر ملک بھر میں شدید غم و غصے کی کیفیت دیکھنے میں آئی اور حکام بالا نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے کر کارروائی کی ہدایت کی۔
جس کے بعد واقعے کے ایک ملزم وقار الحسن نے خود پولیس کو اپنی گرفتاری پیش کی جبکہ دوسرے ملزم شفقت علی کو 14 ستمبر کو پولیس نے گرفتار کیا جس کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے تصدیق کی کہ ملزم کا ڈی این اے جائے وقوع سے اکٹھے کیے گئے نمونوں سے میچ کرگیا ہے۔
آج ملزم شفقت کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد انسپکٹر ذوالفقار نے ملزم کا ریکارڈ پیش کیا۔سماعت میں پروسیکیوشن نے استدعا کی کہ ملزم کی شناخت پریڈ کروانی ہے، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ شفقت علی عرف بگا کی شناخت پریڈ کروانی ہے، ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے چنانچہ عدالت نے پروسکیوشن کی ملزم کی شناخت پریڈ کی استدعا منظور کر لی۔
ساتھ ہی عدالت نے ہدایت کی کہ ملزم کی شناخت پریڈ کے لیے خصوصی انتظامات کریں، ملزم دوسرے ملزموں کے ساتھ شامل نہ ہو سکے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم کی شناخت پریڈ جلد از جلد کروانے اور ملزم کو 29 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی