مہمان کالم:
تحریر ڈاکٹرحمزہ احمد صدیقی
لاہور
کرونا کی وبا آتے ہی پاکستان بھر میں خوف ہراس پھیل گیا۔ اس وبا سے لڑنے کی بجائے عوام ڈر گئی جس کا کچھ فائدہ تو یہ ہوا کہ عوام کے ایک مخصوص طبقے نے احتیاطی تدابیر پر عمل شروع کردیا جس کی تعداد زیادہ نہیں، مگر نقصان یہ ہوا کہ ایک بہت بڑا مافيا منافع خوری کےلیے سرگرم ہو گیا۔
مشکل کی اس گھڑی میں مافیا نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے واٸرس سے بچاؤ کے لیے استعمال ہونے والی اشیا سینیٹاٸیزرز ، ماسک وغیرہ کی ترسیل روک کر سٹاک کر لی گئی۔ بلیک میں اس سامان کی قیمتوں کو چار سے پانچ گنا تک بڑھا دیا گیا۔ صرف یہی نہیں، لاک ڈاؤن کا سن کر کھانے پینے کی اشیا کو بھی سٹاک کرلیا اور عوام کو لاک ڈاؤن میں چیزوں کی عدم دستیابی سے ڈرانا شروع کر دیا جس کی وجہ سے عوام میں اشیا کی خریداری میں بتدریج اضافہ ہو گیا۔
پوری دنیا میں خوف پھیلانے والا وائرس COVID19 کے خلاف ویکسین ابھی تک تیار نہیں ہوئی مگر اس کے مریضوں میں علامات کی روک تھام کے لیے ملیریا کے کچھ ادویات کافی کارآمد ثابت ہوئی ہیں۔ یہ ادویات ملیریا کے علاوہ بھی بہت سے امراض میں استعمال ہوتی ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ بیشتر افراد میں ان ادویات کے مثبت نتائج سامنے آۓ ہیں۔
پچھلے دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس اور اپنی ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے آفیشیلی ہائی ڈروکسی کلورو کوئین (HCQ) اور ازتھرومائسن (Azithramycin) کو کرونا متاثرین میں استعمال کے مثبت نتائج کا عندیہ دیا۔ مگر سوشل میڈیا پر ڈاکٹروں کی جانب سے ان کے اس عمل کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کی بہت بڑی وجہ ان ادویات کے سائیڈ ایفیکٹ ہیں۔ ملیریا میں استعمال ہونے والی دوا ہائی ڈروکسی کلورو کوئین (HCQ) اور اینٹی بائیوٹک ازتھرومائیسن دل کے امراض سمیت بہت سی بیماریوں اورMedical Conditions میں بغیر ڈاکٹر کی زیر نگرانی استعمال نہیں کی جاسکتیں، اس کے علاوہ ان کا یہ عمل Self-medication کی ترغیب دیتا ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ ڈاکٹروں کے مشورے کے بغیر ادویات کا استعمال کرتے ہیں، اس منفی عمل سے اکثر بیماری ٹھیک ہونے کی بجائے مزید بگڑ جاتی ہے، لہذا یہ ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ہرگز استعمال مت کریں، اکثر لوگ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشورہ کے بعد ایک دوسرے کو یہ ادویات استعمال کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں یاد رکھیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ صرف ایک ملک کے صدر ہیں،وہ ڈاکٹر نہیں ہیں ،بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے ان ادویات کو استعمال کر کے اپنے آپ کو اور دوسروں کو ہلاکت میں مت ڈالیں۔
کرونا وائیرس کے متاثرین میں ان ادویات کے استعمال کے باعث مارکیٹ میں عدم دستیابی کی شکایت تھی ہی مگر اس اعلان کے بعد مافیا مزید سرگرم ہو گیا۔
مسٸلہ یہ نہیں کہ بیماری آگئی، اصل مسئلہ تو یہ ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں جب ہمیں متحد ہوکر ایک قوم بننے کی ضرورت تھی، ایک دوسرے کا احساس کرنے کی ضرورت تھی، تو ہم نے پیسہ کمانے کو ترجیح دی۔ سارے کام حکومتوں کے نہیں ہوا کرتے، کچھ فرائض شہریوں کے بھی ہوتے ہیں، اپنے فرائض سے نظریں چُرا کر صرف حکومتوں پر تنقید کے نشتر چلانا، ہماری قوم کا پسندیدہ مشغلہ بن چکا ہے، یہ سب کچھ پہلی مرتبہ نہیں ہو رہا، یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے۔ رمضان جو رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، ہم تو اس میں بھی منافع خوری سے باز نہیں آتے، یہ تو پھر ایک بیماری ہے جو ہمارے کاروبار کو چار چاند لگا دے گی۔ اس منافع خوری میں حاجی، نمازی، حافظ سمیت تقریبا ہر قسم کا تاجر ایک ہی صف میں کھڑا ہے کیونکہ ہمیں لگتا ہے کہ اس پیسے سے حج اور عمرے کر کے ہر قسم کے گناہ اور زیادتیاں معاف کروالیں گے۔
منافع خوری ایک مسلمان کو زیب نہیں دیتی کیونکہ یہ اللہﷻ اور اسکے رسولﷺ کی ناراضگی کا باعث ہے، ابنِ ماجہ کی حدیثِ مبارکہ میں فرمانِ مصطفی ﷺ ہے کہ:
بازار میں غلہ(اناج) لا کر بیچنے والا خداﷻ کی طرف سے روزی دیا جاۓ گا۔
ذخیرہ اندوزی کرنے والا لعنت میں گرفتار ہوگا۔
منافع کے بجاۓ تاجر برادری اپنے لوگوں کے لیے آسانیاں کرے تو اس حدیث میں دی گئی بشارت کہ اللہﷻ روزی فراہم کرے گا میں شامل ہوسکتے ہیں،بے شک اللہﷻ سب سے بہتر روزی عطا کرنے والا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں حکومتِ وقت کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کریں، منافع خوری دور کی بات، اپنے منافع میں سے بھی غریب عوام کو ریلیف دیں جو منافع خوری کے پیسے سے کیے گۓ حج اور عمرے سے لاکھ درجہ افضل ہے۔ اس وقت پوری دنیا پر آزمائش ہے اور مشکل کی ان گھڑیوں میں خدا سے ڈریں اور غرباء کا خاص خیال رکھیں۔ آپ کی منافع خوری سے کسی غریب بچے کے سَر سے باپ کا سایہ نہ اٹھ جاۓ یا کوٸی ماں اپنے بیٹے سے محروم نہ ہو جاۓ۔
حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ آس پڑوس میں غرباء مساکین کا خیال کریں اور کثرت سے توبہ استغفار کریں۔
خدا ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین

کرونا کی وبا اور تاجر برادری کا کردار
Latest posts by 9news (see all)
کمال است میرے ہمٹی ڈمٹی
اللہ سب کو اس مرض سے محفوظ رکھے آمین
ماشاءاللہ بہت خوب