
آسٹريليا کے جنگلات ميں لگی خوفناک آگ سے 48 کروڑ جانور ہلاک ہوگئے، آگ نے ایک درجن سے زائد انسانی زندگیاں بھی نگل لیں۔
آسٹريليا کے جنگلات ميں لگی خوفناک آگ سے ایک درجن سے زائد افراد ہلاک اور مشرقی ساحل کے ساتھ موجود بے شمار گھر جل کر خاکستر ہوگئے، ہزاروں افراد بے گھر اور سیکڑوں سیاح بھی علاقے میں پھنس گئے ہیں، ہزاروں لوگوں کو گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی بھی کرنی پڑی۔

يونيورسٹی آف سڈنی کے ماہرين ماحوليات کا کہنا ہے کہ خوفناک شعلوں کی لپيٹ ميں آکر اب تک 48 کروڑ چوپائے اور رینگنے والے جانور اور پرندے ہلاک ہوچکے ہيں، کوالا کی 30 فيصد آبادی ختم ہونے جبکہ کئی جانوروں کی تو نسل ہی معدوم ہونے کا خدشہ ہے۔


آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کر دیا، جس کے باعث آگ میں مزید شدت کا خدشہ ہے، نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ میں 200 سے زائد مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے مزید 4 واٹر بومبر طیارے لیز پر حاصل کرنے کیلئے 20 ملین ڈالر جاری کردیئے، ان کا کہنا ہے کہ 2 طیارے 7 دن جبکہ 2 پندرہ دن کے اندر مل جائیں گے، آگ پر قابو پانے کیلئے ریزرو فورسز کے 3 ہزار رضا کاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔