محکمہ صحت سندھ کا چین سے آنیوالوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ
نیوز ڈیسک (9نیوز) کراچی

عوامی مقامات پرماسک لازمی پہننے، اجتماعات کرنے سے گریز کی بھی ہدایت کر دی گئی
سندھ حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر چین سے آنے والے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نمائندہ 9 نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق این سی او سی کی ہدایت پر کورونا کے نئے ویرینٹ سے بچاؤ کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت چین سے آنے والے ہر مسافر کا کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا اور مثبت کیس آنے پر متاثرہ مسافر کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا، علامات والے مسافرکا پی سی آر ٹیسٹ لازمی کیا جائے گا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ تمام مسافروں کو فائزرکا بوسٹر ڈوز لگایا جائے گا، کسی مسافر کو 6 مہینے کے دوران فائزر ویکسین لگی ہوئی ہے تو اسے ویکسین نہیں لگائی جائے گی جب کہ علامات ہونے اور ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود مریض کاچیسٹ ایکسرے بھی ہوگا۔
محکمہ صحت سندھ نے عوامی مقامات پرماسک لازمی پہننے اور اجتماعات کرنے سے گریز کی بھی ہدایت کی گئی ہے
دوسری جانب بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کورونا اسکریننگ دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کورونا اسکریننگ دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کے تناظر میں دوبارہ اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا۔اس سلسلے میں بارڈر ہیلتھ سرسز پاکستان نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا دوبارہ سخت کرنے کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا جس کے تحت ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔








