سدھو موسے والا کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا: ہندوستانی پولیس
مانیٹرنگ ڈیسک(9نیوز) اسلام آباد
ہندوستانی گلوکار شبدیپ سنگھ سدھو جو کہ سدھو موسے والا کے نام سے مشہور تھے ان کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ سدھو موسے والا کے قاتل شوٹر کو بھارتی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پونے پولیس نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں نامزد شوٹر سنتوش جادھو کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شوٹر سنتوش جادھو لارنس بشنوئی گینگ کا ایک رکن ہے کہ جس کو 2021ء میں بھی ایک قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پونے پولیس کی طرف سے اب تک مزید معلومات شیئر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شوٹر سے متعلق مزید تفصیلات جَلد ہی شیئر کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم حملہ آوروں کی طرف سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
دوسری طرف سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اُنہیں 30 گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ 2 درجن سے زائد گولیاں اُن کے جسم سے نکالی گئیں۔








