نوشہرہ: پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے غائب کردیا، والدین کی پریس کلب میں فریاد

نوشہرہ (رپورٹ) نوشہرہ کے علاقے پیرسباق کی رہائشی دکھی ماں اور والد معتبر خان نے پریس کلب نوشہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے نوجوان بیٹے گل منیر کو نوشہرہ کینٹ پولیس نے ناکے پر روکا، موٹر سائیکل سے اتار کر تھانے لے گئی اور بعد ازاں غائب کر دیا۔

والدین کے مطابق گل منیر کے خلاف نہ کوئی ایف آئی آر درج ہے اور نہ ہی اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ ہے۔
“میرا بیٹا سیدھا سادہ دیہاتی نوجوان ہے، اگر کوئی گناہ کیا ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے، لیکن اسے اس طرح غائب کرنا ظلم ہے” والدہ
انہوں نے مزید بتایا کہ رات بھر بیٹے کی کوئی خبر نہ ملنے پر گھر میں شدید کرب کی کیفیت رہی۔
“پولیس حکام بھی سوچیں کہ اگر ان کا لخت جگر اس طرح لاپتہ ہوجائے تو ان پر کیا گزرے گی۔”
معتبر خان نے کہا کہ انہوں نے بیٹے کی بازیابی کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرہ کی عدالت میں دفعہ 491 کے تحت حبسِ بے جا کی درخواست دائر کی، بیلف نے تھانہ چیک کیا لیکن گل منیر برآمد نہ ہوسکا۔
اہل خانہ نے الزام لگایا کہ انہیں گاؤں کے ایک شخص نے اطلاع دی ہے کہ پولیس آج رات ان کے بیٹے کو قتل کرسکتی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس، وزیرِ اعلیٰ اور اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ گل منیر کو بازیاب کرا کے انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔