سونا دریا میں ہو یا ذاتی زمین میں “غیر قانونی کان کنی” غیر قانونی ہی ہے

نوشہرہ کے علاقہ نظامپور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ صرف غیر قانونی سونے کی تلاش نہیں، بلکہ قانون، ماحول اور معاشرے کے مستقبل پر کھلا حملہ ہے۔

یہ وہ کھیل ہے جس میں چند مفاد پرست اپنی جیبیں بھرنے کیلئے دریا کا سینہ چیر رہے ہیں، زمین کو زہر آلود کر رہے ہیں اور مرکری جیسے مہلک کیمیکل استعمال کر کے آنے والی نسلوں اور آبی حیات کی زندگی داؤ پر لگا رہے ہیں۔
یہ کیسا دوہرا معیار ہے کہ جب قانون حرکت میں آئے تو شور مچایا جائے، اور جب ماحول تباہ ہو تو خاموشی اختیار کی جائے؟
انتظامیہ بالکل درست کہہ رہی ہے کہ
چاہے سونا دریا میں ہو یا ذاتی زمین میں غیر قانونی کان کنی، غیر قانونی ہی ہے۔
دریا کنارے کا کٹاؤ، ماحولیاتی بگاڑ اور انسانی صحت کو لاحق خطرات کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
26 دسمبر کے بعد گرینڈ آپریشن کا اعلان قانون کی عملداری کی آخری وارننگ ہے،
مگر افسوس اس بات کا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند نام نہاد اور بکے ہوئے چہرے، جنہیں صحافت نہیں بلکہ “چائے پانی” عزیز تھا، آج عوام اور انتظامیہ کو آمنے سامنے لانے کی سازش کر رہے ہیں۔
یہ وہی لوگ ہیں جو کل تک چند ہزار روپے کے عوض غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے قصیدے پڑھ رہے تھے، ان کے حق میں وی لاگ بنا رہے تھے، اور آج جب ان کی کمائی بند ہوئی ہے تو وہ خون خرابہ، تصادم اور انتشار چاہتے ہیں تاکہ ان کی دکان دوبارہ چل سکے۔
سچ یہ ہے کہ
ڈی ایس پی اکوڑہ سرکل جواد خان نے ان مافیاؤں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔

محکمہ معدنیات مکمل طور پر مستعد ہے، 24/7 نگرانی جاری ہے،
کئی اہلکار جو غیر قانونی سونا تلاش کرنے والوں کے آلہ کار بنے ہوئے تھے ڈی ایس پی جواد خان نے معطل کئے ہیں، غیر قانونی سامان کی ترسیل تقریباً بند ہے، اور غیر قانونی سونا تلاش کرنے والا مافیا بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
لیکن خطرہ یہ ہے کہ
اگر سوشل میڈیا کے بلیک میلرز کو صحافی سمجھ کر ان کے دباؤ میں آکر کوئی طاقت کا غیر ضروری استعمال ہوا،
تو انجام ہمیشہ کی طرح ایماندار افسران کی قربانی کی صورت میں نکلے گا۔
کل کو سیاسی دباؤ آئے گا،
نوٹس ہوں گے،
اور ڈی ایس پی جواد خان، ایس ایچ او اکوڑہ اور ایس ایچ او نظامپور کو قربانی کا بکرا بنا دیا جائے گا۔
چند مہینوں بعد یہی مافیا پھر واپس آ جائے گا، سونا پھر نکالا جائے گا، ماحول پھر تباہ ہوگا،
مگر نقصان صرف ایک دلیر اور ایماندار افسر کے کیریئر کا ہو گا۔








