بلوچستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی 30 افراد جان سے گئے
مانیٹرنگ ڈیسک(9نیوز)کوئٹہ
بارشوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ مکانات گرنے، پانی میں ڈوبنے سمیت مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 30 تک جا پہنچی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان کوہلو اور کوئٹہ میں ہوا ہے۔ کوہلو اور گردونواح کے علاقوں میں بارشیں جاری ہیں۔
تاہم کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ رک گیا ہے۔ بارشوں کے باعث تباہی کے باعث کوئٹہ کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا ہے۔
Heavy #rains and flood relay at #Sariab Mill on #Quetta Sariab Road pic.twitter.com/OV5V7Fr5PV
— khalid baloch (@KhalidMamsani) July 4, 2022
بلوچستان حکومت کے ترجمان فرح عظیم نے کہا ہے کہ ان تباہ کن بارشوں سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 30 تک جا پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تجاوزات کا بھی مسئلہ ہے۔
لوگوں میں شعورکی بھی کمی ہے اور بلوچستان میں غربت بہت زیادہ ہے۔ ہمیں لوگوں کی مدد کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔
پژہ کے علاقے میں سیلابی ریلے کی زد میں آکر درجنوں مویشیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حالیہ بارشوں سے کوہلو میں فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
بجلی کی فراہمی بھی تاحال معطل ہے۔ کچی رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بند ہوچکی ہیں۔ کنل، تمبو اور کوہلو کے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث کشمیر، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
اس دوران راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، خضدار، قلات، لسبیلہ، نصیر آباد، گوادر، پنجگور، تربت، آواران، بارکھان، بولان اور کوہلو کے مقامی ندی نالیوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
بدھ کے روز بلوچستان، سندھ، کشمیر، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، سندھ اور جنوبی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔
جمعرات کے روز بلوچستان، سندھ، کشمیر، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، سندھ اور جنوبی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے








