سابق چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا
اسلام آباد (بیورو رپورٹ):
سنی اتحاد کونسل کے سابق چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو 9 مئی کیس میں عدالت کی جانب سے 10 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا اپنی گرفتاری دینے کے لیے پشاور سے فیصل آباد روانہ ہوئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ رات کے پی کے ہاؤس اسلام آباد میں قیام کیا، تاہم جیسے ہی وہاں سے روانہ ہوئے تو اسلام آباد پولیس نے چیک پوسٹ پر ان کی گاڑی روک کر حراست میں لے لیا۔
سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق حامد رضا گرفتاری دینے کے بعد الیکشن رکوانے اور اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا پر 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں ریاست مخالف سرگرمیوں اور امن عامہ کے خلاف اقدام کے الزامات تھے، جن پر عدالت نے انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی۔








