وزیرگڑھی میں دوہرے قتل کا معمہ حل — گھریلو تنازعہ قاتلانہ واردات کی اصل وجہ ثابت، مرکزی ملزم گرفتار

پبی (نمائندہ خصوصی) تھانہ پبی کے علاقے وزیرگڑھی میں 50 سالہ معمر خاتون اور 8 سالہ کمسن بچی کے اندوہناک قتل کا معمہ حل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ دوہرا قتل گھریلو تنازعہ کا شاخسانہ نکلا، جبکہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

واقعے کی تفصیل
8 نومبر 2025 کو امیرالرحمٰن نامی شہری نے پولیس کو رپورٹ دی کہ ان کی والدہ جان بی بی اور 8 سالہ مناہل لکڑیاں چننے کے لیے آبائی علاقے ثانی گھڑی گئی تھیں،
جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دونوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس کی سربراہی SP انوسٹی گیشن ریشم جہانگیر کر رہی تھیں۔ ٹیم میں ایس ڈی پی او پبی عدنان اعظم ایس ایچ او پبی اشفاق احمد تفتیشی افسر ایس آئی اسرار خان شامل تھے۔ ٹیم کو ہدایت تھی کہ جلد از جلد حقائق سامنے لائے جائیں اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
مرکزی ملزم کی گرفتاری اور اعترافِ جرم
جدید تکنیکی بنیادوں پر تفتیش آگے بڑھائی گئی جس کے نتیجے میں مرکزی ملزم حامد اللہ ولد معیز خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے دورانِ انٹروگیشن اعتراف کیا کہ اس کا مقتولہ خاتون کے ساتھ عرصۂ دراز سے گھریلو تنازعہ چل رہا تھا جس پر اس نے طیش میں آکر قتل کیا۔
مزید انکشاف میں ملزم نے بتایا کہ کمسن مناہل چونکہ واقعے کی عینی شاہد تھی، اس لیے گرفتاری سے بچنے کی خاطر اسے بھی قتل کر دیا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلۂ قتل برآمد کر لیا ہے۔
مزید یہ کہ واردات میں مبینہ طور پر ملوث شریکِ جرم دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔








