74

مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ

مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

سینئر صحافی مسعود چوہدری

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت آج پاکستان میں مہنگائی کے رجحانات کا جائزہ لینے کے لیے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔

یہ کمیٹی وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے تاکہ مہنگائی کے دباؤ کی باقاعدہ نگرانی کی جا سکے اور اس پر قابو پانے کے اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں ملکی اور عالمی سطح پر قیمتوں پر اثر انداز ہونے والے عوامل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا اور قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، خاص طور پر غریب اور کم آمدنی والے گھرانوں کے تحفظ کے لیے، جنہیں حالیہ سیلاب سے بھی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مارکیٹ کی صورتحال پر قریب سے نظر رکھے، وفاقی و صوبائی سطح پر پالیسی اقدامات کو مربوط کرے اور بروقت انتظامی فیصلے تجویز کرے تاکہ مہنگائی کے دباؤ پر قابو پایا جا سکے اور عوام کی قوتِ خرید کو محفوظ بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ضروری غذائی اشیاء کی ٹوکری (باسکٹ) کا جامع جائزہ لیا گیا اور سینسیٹیو پرائس انڈیکس (SPI) میں حالیہ تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔ پیاز، ٹماٹر، چاول، گندم، چینی اور خوردنی تیل سمیت اہم اجناس کی قیمتوں کے رجحانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ارکان نے صوبہ وار اور ریجن وار سپلائی کی صورتحال، ذخائر اور بنیادی غذائی اشیاء کی درآمدات کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ اس وقت گندم کے وافر ذخائر دستیاب ہیں، اسٹریٹجک ریزروز کو چھوڑ کر۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق چاول اور گنے کی فصل کو پہنچنے والا نقصان قابو میں ہے۔ وزیر خزانہ نے مصنوعی مہنگائی روکنے کے لیے مارکیٹ میں سخت نگرانی اور چوکسی پر زور دیا۔

اجلاس میں آنے والے بوائی سیزن کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ بیج اور دیگر زرعی اجزاء کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ وزیر خزانہ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، سپارکو اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا درست اور بروقت تخمینہ لگائیں۔

اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان، وفاقی سیکرٹریز اور وزارتِ خزانہ، توانائی ڈویژن، پیٹرولیم ڈویژن، وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (SDPI) کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین نے ہدایت کی کہ اسٹیئرنگ کمیٹی آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس کرے گی تاکہ طے شدہ اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور قیمتوں کے استحکام کے لیے مزید بروقت فیصلے کیے جائیں

Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں