ارشد شریف کو غلط شناخت کی وجہ سے گولی ماری گئی: کینیا کے اخبار کا دعویٰ
مانیٹرنگ ڈیسک (9نیوز) اسلام آباد
کینیا کے معروف اخبار ’دا سٹار‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کی موت غلط شناخت کے باعث پولیس کی فائرنگ سے ہوئی۔

دا سٹار کینیا کا ایک معروف اخبار ہے اور یہ ریڈیو افریقہ گروپ کی ملکیت ہے۔ ریڈیو افریقہ گروپ کے کینیا بھر میں چھ ریڈیو سٹیشن، ایک ٹی وی سٹیشن اور ایک اخبار (دا سٹار) ہے۔
کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے شائع ہونے والے ایک اخبار دا سٹار کے مطابق مگادی ہائی وے پر اتوار کی رات ارشد شریف کو پولیس نے اس وقت سر میں گولی مار کر قتل کر دیا جب انہوں نے اور ان کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر ایک پولیس ناکے کی خلاف ورزی کی تھی۔

پولیس نے کینیا کے اخبار کو بتایا کہ ارشد شریف مگادی قصبے سے نیروبی جا رہے تھے جب پولیس افسران کے ایک گروپ کی نگرانی میں ایک پولیس ناکے پر انہیں روکا گیا۔ مگادی کا نیروبی سے فاصلہ 113 کلومیٹر ہے۔
پولیس ہیڈ کوارٹر نے اخبار کو بتایا ہے کہ یہ کیس انڈیپنڈنٹ پولیسنگ اوورسائٹ اتھارٹی کو سونپ دیا گیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے اخبار کو فائرنگ کی تصدیق کی ہے اور مزید کہا ہے کہ بعد میں ایک جامع بیان جاری کیا جائے گا۔
افسر نے کہا کہ ’فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جو ایک صحافی سے متعلق غلط شناخت کا معاملہ ثابت ہوا۔ ہم مزید معلومات بعد میں جاری کریں گے۔
کینیا پولیس نے ارشد شریف اتفاقی قتل کی زمہ داری قبول کرلی نیروبی پولیس نے اب سے تھوڑی دیر قبل ارشد شریف کیس کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ میں اقرار کیا ہے کہ ارشد شریف کو نیروبی پولیس نے مطلوب ملزم کی غلط شناخت میں ہلاک کردیا ارشد کے بھائی خرم ان کے ساتھ موجود تھے تفصیلات مندرجہ زیل pic.twitter.com/8QcrVtnrVI
— Kamran Khan (@AajKamranKhan) October 24, 2022
پولیس کے مطابق نیروبی کے علاقے پنگانی میں ایک بچے کو یرغمال بنانے کے واقعے کے بعد روڈ بلاک پر پولیس کو ایک ایسی ہی کار کو روکنے کے لیے کال کی گئی جس میں ارشد شریف سوار تھے۔
چند منٹ بعد ارشد شریف کی گاڑی ناکے پر پہنچی اور انہیں روک کر اپنی شناخت بتانے کو کہا گیا اور وہ مبینہ طور پر رکے بغیر ناکے سے گزر گئے۔
اس کی وجہ سے مختصر تعاقب اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ارشد شریف کی موت واقع ہو گئی۔ ان کی کار الٹ گئی اور ڈرائیور زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال لے جایا گیا۔
بعد میں ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ وہ اور ان کا مقتول ساتھی ڈویلپر تھے اور مگادی میں ایک سائٹ کی طرف جا رہے تھے۔
دا سٹار کینیا کا ایک معروف اخبار ہے اور یہ ریڈیو افریقہ گروپ کی ملکیت ہے۔ ریڈیو افریقہ گروپ کے کینیا بھر میں چھ ریڈیو سٹیشن، ایک ٹی وی سٹیشن اور ایک اخبار (دا سٹار) ہے۔
اس حوالے سے نیروبی میں موجود پاکستانی سفارت خانہ کینین حکام سے رابطے میں ہے تاہم ان کی طرف سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔








