اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کو ایک مرتبہ پھر پیشکش کی ہے کہ کسی بھی نیوز چینل، کسی بھی اینکر کے پروگرام یا عوامی جلسے میں مناظرہ کرلیں ہم قوم کے سامنے آپ کو آئینہ دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
اسلام آباد میں پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پارلیمان میں بحث کرنے کے بجائے بھاگنے کو ترجیح دی، لیکن اگر بحث کرنی ہے تو کسی بھی نیوز چینل پر ہم حاضر ہونے کو تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم عوام کے سامنے کسی بھی فورم پر مناظرہ کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن دلائل سے بات کریں کہ 3 نسلوں سے جہاں آپ کی حکومت ہے وہاں آپ نے کیا کیا اور محض کچھ عرصے میں ہماری کیا کارکردگی رہی۔
خیال رہے کہ آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی تقریر کے اختتام پر کورم کی نشاندہی کی اور فوراً ایوان سے باہر چلے گئے۔