507

نیا کرونا وائرس اعصابی نظام کے لیے تباہ کن قرار،امریکی تحقیق

نیا کرونا وائرس اعصابی نظام کے لیے تباہ کن قرار،امریکی تحقیق

ویب ڈیسک (9نیوز) اسلام آباد

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے تیز وار جاری ہیں، ایسے میں کرونا وائرس کی علامات میں بھی تبدیلیاں سامنے آرہی ہیں، امریکی تحقیق کے مطابق نئے نوول کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 پورے اعصابی نظام کو نقصان پہنچاتی ہے اور اس کی اعصابی علامات دیگر عام نشانیوں سے بھی پہلے نظر آسکتی ہیں۔

نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر کووڈ 19 کی ابتدائی علامات اعصابی علامات کی شکل میں نظر آتی ہیں اور یہ بخار یا نظام تنفس کی دیگر علامات جیسے کھانسی سے بھی پہلے نمودار ہوسکتی ہیں۔تحقیق کے مطابق کرونا سے متاثر 50 فیصد متاثرین میں اعصابی علامات بشمول سرچکرانے، سردرد، ذہنی الجھن، توجہ مرکوز کرنے میں مشکل، سونگھنے اور ذائقہ نہ سمجھ پانے،فالج، کمزوری اور پٹھوں میں درد شامل ہے۔

تحقیق کے مطابق نیا کرونا وائرس دماغ، ریڑھ کی ہڈی اور اعصاب کے ساتھ مسلز پر اثر انداز ہوسکتا ہے، اور اعصابی نظام کو غیر فعال بھی کرسکتا ہے۔محققین کے مطابق یہ وائرس براہ راست بھی دماغ کو متاثر کرسکتا ہے۔

ماہرین نے نارتھ ویسٹرن میڈیسین میں زیرعلاج تمام متاثرین کا تجزیہ کیا اور تعین کیا کہ ان میں کس قسم کی اعصابی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں اور ان کا دورانیہ کیا تھا۔اس تحقیق کے نتائج جرنل اینالز آف نیورولوجی میں شائع ہوئے۔جس کے مطابق کرونا دماغ سے لے کر پیروں تک کہیں بھی حملہ کرسکتی ہے۔

کبھی تو ایسا نظر آتا ہے کہ مریض ٹھیک طرح سے بات کررہا ہے، چل پھر رہا ہے، کھا پی رہا ہے مگر اس کے خون میں آکسیجن کی سطح اتنی کم ہوچکی ہوتی ہے کہ اگر عام فرد کو اس کا سامنا ہو تو اس کے لیے چلنا، بولنا یا کھانا کچھ بھی ممکن نہیں ہوتا بلکہ کوما یا موت کا خطرہ ہوتا ہے۔

یہ وائرس دل پر حملہ کرکے پٹھوں کو کمزور اور گردوں کو نقصان پہنچاتاہے۔ اور اعصابی نظام میں گھس کر سونگھنے اور چکھنے کی حسوں کو تباہ کرسکتا ہے۔ جبکہ جسم میں متعدد مقامات میں خون کے ننھے لوتھڑے اور شریانوں کو سوجن کا شکار کردیتا ہے۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے 432,204 افراد ہلاک اور 7,861,075 افراد متاثر ہوچکے ہیں، اب تک 4,035,841 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔

9news
Follow
Spread the love

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں